یورپی یونین کی انفارمیشن اورمیڈیا چیف نے امریکی صدر براک اوباما سے مطالبہ کیا ہے کہ امریکہ انٹرنیٹ پراپنی نگرانی ترک کردے۔
یورپی یونین کی انفارمیشن اور میڈیا کمشنر وی ویان ریڈنگ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انٹرنیٹ چلانے والی امریکہ کی غیر منافع بخش کمپنی اور امریکی حکومت کے درمیان رابطوں کو ختم کیاجائے۔
غیر منافع بخش گروپ انٹرنیٹ کارپوریشن فار اسائنڈ نیمز اینڈ نمبرز (آئی سی اے این این) انٹرنیٹ چلانے کےبارے میں بڑے فیصلے کرتا ہے۔ یہ ادارہ امریکی محکمہٴتجارت کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت کام کرتا ہے جس کی مدت ستمبر کے آخر میں ختم ہورہی ہے۔
یورپی یونین کے کمیشن نے کہا ہے کہ صرف کسی ایک ملک کے ایک حکومتی محکمے کو دنیا بھر کے ممالک کے کروڑوں لوگوں کے استعمال میں آنے والے کسی نظام کا نگران نہیں ہونا چاہیئے۔
انہوں نے تجویز دی کہ آئی سی اے این این کو ایک خود مختار ادارے میں تبدیل کردیا جانا چاہیئے جس کی نگرانی ایک 12 رکنی بین الاقوامی بورڈ کرے۔
انہوں نے کہا کہ بارہ رکنی نگران گروپ میں شمالی امریکہ، جنوبی امریکہ، یورپ اور افریقہ میں سے ہر ایک براعظم کے دو ملکوں اور ایشیا اور آسٹریلیا سے تین ملکوں کے نمائندے شامل ہوں اور اس ادارے کا چیئرمین ایک ایسا ملک ہو جسے دوٹ دینے کا اختیار نہ ہو۔انٹرنیٹ میں شامل بین الاقوامی اداروں کو مبصر کا درجہ حاصل ہوسکتا ہے۔