گرائمر/گلیمر لفظ کہانی سے متعلق بہت سی ای میلز موصول ہوئی ہیں۔ حوصلہ افزائی کا شکریہ۔
مریم فرخ نے لاہور سے لکھا ہے کہ گلیمر کی بات تو سمجھ میں آ گئی لیکن خود گرائمر کی تشریح کیا ہے؟ قمرالزماں نصر بخت نے دوحہ ، قطر سے پوچھا ہے کہ گرائمر سکول کیا ہوتا ہے؟ کیا اس میں کوئی اور مضمون نہیں پڑھایا جاتا یا صرف جادو ٹونا سکھایا جاتا ہے ؟
گرائمر کا مطلب ہےجملوں کی ساخت ، صرف و نحو، ترتیب ِ الفاظ وغیرہ سے متعلق علم۔
مختلف لغات جو تاریخ بیان کرتی ہیں ان میں مندرجہ ذیل عوامل مشترک ہیں: یونانی لفظ تھا graphein جس کا مطلب تھا لکھنا، لکھنے یا تصویر بنانے کے لئے خط کھینچنا۔ اس سے لفظ بنا gramma ۔ جو آجکل تو انگریزی میں نانی/دادی کے لئے استعمال ہونے والے لفظ گرینڈ مدر کا مخفف ہے لیکن یونانی میں اس کا مطلب تھا خط یا کوئی بھی تحریر۔ چنانچہ یونانی اصطلاح grammatike tekhne کا مطلب تھا فن ِ تحریر ۔
لاطینی میں پہنچ کر یہ لفظ grammatica بن گیا۔ وہاں سے پرانی فرانسیسی میں پہنچا اور grammaire کہلایا اور اس سے مراد تھی تحصیل ِ علم۔ پرانی انگریزی میں یہ gramarye کی صورت میں نظر آتا ہے۔
جیسا کہ گرائمر/گلیمر لفظ کہانی سے ظاہر ہے سولھویں صدی تک گرائمر اور لاطینی لازم و ملزوم تھے۔ مڈل انگلش میں جو لفظ تھا اس سے مراد عمومی تعلیم تھی جو علما حاصل کرتے اور جس میں علم ِ نجوم اور جادو ٹونے کا علم بھی شامل سمجھا جاتا۔ یہ لفظ سکاٹش میں جا کر گلیمر بن گیا۔
اب یہ سوال کہ گرائمر سکول کیا ہوتا ہے؟ اس کا جواب یہ ہے کہ بنیادی طور پر یہ ثانوی جماعتوں (عموماً چھٹی سے آٹھویں) پر مشتمل سکول کو کہتے ہیں جسے عام سکولوں سے ارفع و اعلیٰ سمجھا جاتا ہے۔ آج کا ان میں تمام ضروری مضامیں پڑھائےجاتے ہیں لیکن تاریخی اعتبار سے یہ اصطلاح ان سکولوں کے لئے مخصوص تھی جہاں یورپی زبانیں، خاص کر یونانی اور لاطینی، گرائمر کے سخت اصولوں کے تحت سکھائی جاتیں اور یوں طلبا کو اعلیٰ تعلیم یعنی کالج کے لئے تیار کیا جاتا۔
بعض ایسے اداروں کے بر عکس جہاں عملی تربیت دی جاتی، جیسے دندان سازی، عینک سازی ، خیاطی ، کوزہ گری وغیرہ ، گرائمر سکولوں میں علمی اور نظریا تی مضامین پر زور دیا جاتا ۔
لغات گرائمر سکول کے بہت سے مطالب درج کرتی ہیں۔ وکی پیڈیا کے مطابق اس کا تاریخی مطلب لاطینی سکھانا تھا۔ بعد میں اس کا نصاب پھیلتا گیا اور کئی زبانیں مثلاً قدیم یونانی، عبرانی وغیرہ بھی شامل کر دی گئیں۔ پھر قدرتی علوم، ریاضی، جغرافیہ اور تاریخ بھی پڑھائی جانے لگی۔ ملکہ وکٹوریہ کے عہد میں گرائمر سکولوں کا نصاب از سر نو مرتب کیا گیا۔
قصہ مختصر یہ کہ برطانیہ میں اور نتیجتاً بر صغیر میں گرائمر سکول سے مراد فینسی مڈل سکول ہے اور آج کل یہاں سکھائے جانے والے علوم گرائمر تک محدود نہیں ہیں۔