بھارتی وزیرِ خارجہ پرنب مکھرجی نے اِس بات کا اعادہ کیا ہےکہ پاکستان ممبئی حملوں کے مشتبہ دہشت گردوں کو بھارت کے حوالے کرے تاکہ اُن کے خلاف وہیں کارروائی کی جاسکے۔
خیال رہے کہ مکھرجی نے دو روز قبل ایک نجی ٹیلی ویژن چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ممبئی حملوں کے ذمے دار مشتبہ دہشت گردوں کے خلاف پاکستان میں وہاں کے قانون کے مطابق شفاف کارروائی کی جاسکتی ہے۔ لیکن جمعے کے روز میڈیا سے بات کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ ہم نے حملے کی سازش کرنے والوں کی حوالگی کا مطالبہ ترک نہیں کیا۔
مکھرجی نے کہا کہ دہشت گردوں کی حوالگی کا مطالبہ ترک کرنے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔‘بھارت میں جو بڑے دہشت گرد واقعات ہوئے ہیں اُن کی منصوبہ بندی اور سازش پاکستان میں تیار کی گئی۔ صرف مکمل اور شفاف جانچ سے اِن حملوں کی سازش سے پردہ اُٹھ سکتا ہے۔’
اُنھوں نے مزید کہا کہ چونکہ مہلک دہشت گردانہ جرائم بھارت میں کیے گئے ہیں اس لیےاُن کے ذمے داروں کے خلاف یہاں قانونی کارروائی ہونی چاہیئے۔
پرنب مکھرجی نے کہا کہ بھارت ہمیشہ پاکستان سے ایماندارانہ اور مؤثر کارروائی کرنے کی درخواست کرتا رہا ہے۔