|
غزہ میں ساٹھ مقامات پر اسرائیلی بمباری، مرنے والوں کی تعداد 1000 سے زائد
|
سونیا پیس
یروشلم
January 14, 2009
|
|
| ایک فلسطینی غزہ میں اسرائیلی بم سے بننے والے گڑھے کے پاس کھڑا ہے | بدھ کو غزہ پر حملے کے 19 ویں دن غزہ شہر میں اسرائیل کی زمینی فورسز نے حماس کے عسکریت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کا زبردست تبادلہ کیا۔ غزہ شہر میں اسرائیلی طیاروں نے ایک قبرستان اور ایک مرکزی پارک پر بمباری کی۔ اطلاعات کے مطابق اب وہاں مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
رات بھر اسرائیلی طیاروں نے پورے غزہ میں حماس کے 60 سے زیادہ اہداف پر بم برسائے جن میں پولیس اسٹیشن ، ہتھیاروں کی تنصیبات اور مصرکے ساتھ غزہ کی سرحد پر اسلحے کی اسمگلنگ سے متعلق سرنگیں شامل تھیں۔
حماس نے بدھ کے روز جنوبی اسرائیل میں متعدد راکٹ داغے۔ کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ملی۔
دریں اثنا امن کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے سربراہ بان گی مون مصر پہنچ گئے ہیں، جہاں انھوں نے غزہ میں فوری اور دیرپا جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
| فلسطینی ایک تباہ شدہ عمارت سے اپنا سامان اکٹھا کر رہے ہیں
| فلسطینی صحافی محمود دواس نے غزہ سے رپورٹ بھیجی ہے کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے قبرستان اور غزہ کے سب سے بڑے پارک پر زبردست بم باری کی گئی، جس کے بعد تمام غزہ پر دھوئیں کے بادل چھا گئے۔ دواس نے کہا ہے کہ انھوں نے اسرائیلی فوجی نہیں دیکھے، تاہم وہ فایرنگ کی آوازیں سنتے رہے۔ وہ کہتے ہیں کہ اسرائیلی فوجی شہر کے مرکز سے زیادہ دور نہیں ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ شہر کا ہر حصہ محاصرے میں ہے اور ہر طرف گھمسان کی جنگ جاری ہے۔
اسی دوران بدھ کے روز لبنان سے تین راکٹ داغے گئے جو قصبے کریات
شمعونا میں آکر گرے، جس کا جواب اسرائیل نے توپ کے گولوں سے دیا۔ کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے
اور نہ ہی کسی نےاس حملے کی ذمے داری قبول کی ہے۔
|
|
|