عراقی وزیرِ اعظم نوری المالکی اور اُن کی حکومت کے کئى اہم وزیر سفارتی رابطوں کو درست کرنے اور عراق میں یورپی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائى کرنے لیے پیرس میں ہیں۔
مسٹر مالکی نے پیر کے روز فرانس کے صدر نکولا سارکوزی اور اسی کے ساتھ ساتھ فرانسیسی وزیر اعظم فرانسوا فِلوں سے بھی ملاقات کی۔ وہ طے شدہ پروگرام کے مطابق پیرس میں قائم تیل کی بہت بڑی کمپنی ٹوٹل اور یو رپ کے ایرو سپیس گروپ ای اے ڈی ایس کے سربراہوں سمیت اہم کاروباری شخصیات کے ساتھ مذاکرات بھی کریں گے۔
مسٹر مالکی کے اس دورے سے پہلے مسٹر سارکوزی نے فروری میں عراق کا دورہ کیا تھا۔
توقع ہے کہ تجارتی مذاکرات میں بیشتر توجہ عراق کی اسلحہ مارکیٹ پر مرکوز رہے گی۔ عراق نے حال میں فرانسیسی ساخت کے ہیلی کاپٹروں کا ایک بیڑا خریدا ہے۔