پاکستان کی ہاکی ٹیم کے منیجر آصف باجوہ نے کہا ہے کہ اگرچہ پاکستان کی ٹیم جیت کی تمنا لیے ایشیا کپ میں شرکت کے لیے ملائیشیا جارہی ہے، تاہم ٹیم سے جیت کی امید نہیں۔
آصف باجوہ نے یہ بیان ٹیم کی ملائیشیا روانگی کے موقعے پر دیا۔
اُنھوں نے کہا کہ وہ پوری قوم کو واضح طور پر بتا دینا چاہتے ہیں کہ ٹیم کارکردگی دینے ضرور جا رہی ہے، لیکن اِس معاملے میں ہم قوم کو دھوکے میں نہیں رکھنا چاہتے۔
دوسری طرف ٹیم کے چیف کوچ شاہد علی خان نے ٹیم کے امکانات کے بارے میں کہا کہ کوشش یہی ہوگی کہ ‘ہم اپنا کمبی نیشن سیٹ کرلیں۔’
اُنھوں نے بتایا کہ پچھلی بار اذلان شاہ کپ میں کھیلنے کے لیے جب پاکستانی ٹیم ملائیشیا گئی تھی تو ٹیم نئی تھی، لیکن اب نئے کھلاڑیوں کے آنے سے ہمیں پتا ہے کہ کس کو کس وقت کھلانا ہے۔
شاہد علی خان نے کہا کہ سہیل عباس کے آنے سے پنلٹی کارنر کا شعبہ، اور سلمان کی وجہ سے گول کیپنگ میں ہماری ٹیم مضبوط ہوئی ہے، جب کہ ریحان بٹ فارورڈ لائن میں برتری رکھتے ہیں۔
ٹیم کے کپتان ذیشان اشرف نے کہا کہ ایشیا کپ پاکستان ہاکی ٹیم کے لیے بہت اہم ٹورنامنٹ ہے۔ ‘ہم نے سینئر اور جونئیر کا کمبی نیشن بنایا ہے۔’
ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ نو سے 16مئی تک ملائیشیا میں کھیلا جا رہا ہے جِس میں پاکستان، بھارت اور چین ایک گروپ میں رکھے گئے ہیں۔ پاکستان کی ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ چین کے خلاف کھیلے گی۔ ایک میچ جیتنے کی صورت میں بھی پاکستان کی ہاکی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ سکتی ہے۔