|
ایم ایف حسین کو بھارت واپسی پر خطرہ؟
|
رشید الدین
حیدرآباد دکن
May 5, 2009
|
|
| MF Hussain working on a painting
| مقبول فدا حسین کو کون نہیں جانتا۔ ان کے مصورانہ شاہ کار دنیا بھر میں شہرت رکھتے ہیں، اور ایک دنیا انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے لیکن اس عظیم آرٹسٹ کو وطن کے باہر رہنے کے لیے مجبور کردیا گیا ہے اور ان کی بھارت واپسی کب ہوگی اس بارے میں کچھ کہا نہیں جاسکتا۔
ایم ایف حسین ان دنوں دنیا کے مختلف حصوں میں کئی اہم شخصیتوں کیلیے کام کررہے ہیں۔ ہندو دیوی دیوتاؤں سے متعلق بعض پینٹنگز پر ہندو تنظیموں نے کافی ہنگامہ کھڑا کیا حتیٰ کہ ایم ایف حسین کو ہلاک کرنے کی دھمکی دی گئی۔ اپنے ہی ملک میں نفرت انگیز مہم سے پریشان ہوکر ایم ایف حسین نے دیار غیر میں پناہ لینے میں عافیت محسوس کی۔ ایم ایف حسین کے فرزند شمشاد حسین نے کہا کہ حسین صاحب بھارت واپس ہونا چاہتے ہیں لیکن میں نہیں سمجھتا کہ وہ واپس ہوں گے۔ وہ بھارت میں رہنا پسند کرتے ہیں لیکن یہاں کی صورتِ حال ان کے لیے سازگار نہیں ہے۔ اگر وہ واپس ہوں گے تو کیا ہوگا اس سے سبھی واقف ہیں۔ شمشاد حسین نے کہا کہ ان کے ہاتھ کی قیمت 11 لاکھ اور سر کی قیمت 50 لاکھ مقرر کی گئی ہے۔
شمشاد حسین آئندہ ماہ اپنے والد سے ملاقات کے لیے قطر جارہے ہیں۔ شمشاد خو بھی ایک آرٹسٹ ہیں انہوں نے کہا کہ 94 سال کی عمر میں بھی ان کے والد کبھی تھکن محسوس نہیں کرتے۔ دوبئی، اٹلی، واشنگٹن، نیویارک اور لندن میں وہ اپنی پینٹگز کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بھارت کے سب سے بڑے دولت مند بزنس مین لکشمی نورس متل کیلیے لندن میں بعض پینٹنگز تیار کررہے ہیں جو بھارت کی تاریخ سے متعلق ہیں۔ بعض مذہبی قسم کی پینٹنز بھی وہ لکشمی نورس متل کے لیے تیار کررہے ہیں۔ شمشاد حسین نے بتایا کہ حسین صاحب قطر اور ابوظہبی کے حکمرانوں کے لیے بھی پینٹنگزتیار کررہے ہیں۔ ابو ظہبی کے شیخ نے ایم ایف حسین کی پینٹنگز کے کلکشن پر مشتمل میوزیم قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عرب آرٹ سے متعلق پینٹنگس کے نمونوں پر مشتمل ایک اور میوزیم دوحہ قطر میں قائم کیا جارہا ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ بیرونی مصروفیات سے وقت نکال کر ایم ایف حسین کب وطن واپس ہوں گے۔
|
|
|