صدر ٹرمپ نے یہ افتتاحی خطاب 20 جنوری 2017  کو کیا۔

صدر: چیف جسٹس رابرٹس، صدر کارٹر، صدر کلنٹن، صدر بش، صدر اوباما، امریکی ہموطنو اور دنیا کے لوگو: شکریہ۔

ہم، امریکہ کے شہری، اب اپنے ملک کی تعمیرِنو اور اپنے تمام لوگوں سے کیے گئے اس کے وعدے کی بحالی کی عظیم قومی کوشش میں متحد ہو گئے ہیں۔ آنے والے کئی برسوں میں ہم اکٹھے مل کر، امریکہ اور دنیا کی راہ متعین کریں گے۔ ہم چیلنجوں کا سامنا کریں گے۔ ہم مشکلات کا مقابلہ کریں گے۔

اور ہم اس کام کو مکمل کریں گے۔

ہر چار سال کے بعد، ہم ان سیڑھیوں پر باضابطہ اور پُرامن  طور پر اقتدار منتقل کرنے کے لیے اکٹھے ہوتے ہیں۔ انتقالِ اقتدار کے دوران مشفقانہ مدد کے لیے، ہم صدر اوباما اور خاتون اول مشیل اوباما کے مشکور ہیں۔ وہ شاندار ہیں۔ شکریہ۔

تاہم، آج کی تقریب اپنے اندر بہت خاص معنی لیے ہوئے ہے–  کیونکہ آج ہم ایک انتظامیہ سے دوسری انتظامیہ کو یا ایک پارٹی سے دوسری پارٹی کو محض اقتدار منتقل نہیں کر رہے، بلکہ ہم واشنگٹن، ڈی سی سے اقتدار منتقل کر رہے ہیں اور آپ کو یعنی عوام کو واپس دے رہے ہیں۔

ایک طویل مدت تک، ہماری قوم کے دارالحکومت میں ایک چھوٹا سا گروہ حکومت کے فوائد سے مستفید ہوتا رہا ہے جبکہ لوگ اس کی قیمت چکاتے رہے ہیں۔ واشنگٹن پھلتا پھولتا رہا مگر لوگوں کو اس کی دولت سے اُن کا حصہ نہ ملا۔ سیاستدان خوشحال ہوئے مگر ملازمتیں ختم اور فیکٹریاں بند ہوئیں۔ اسٹیبلشمنٹ نے ہمارے ملک کے شہریوں کی بجائے اپنا  تحفظ کیا۔ ان کی فتوحات آپ کی فتوحات نہیں تھیں۔ ان کی جیتیں آپ کی جیتیں نہیں تھیں۔ اور جب وہ قوم کے دارالحکومت میں خوشیاں منا رہے ہوتے تو ہمارے پورے ملک میں جدوجہد کرنے والے خاندانوں کے لیے خوشیاں منانے کے لیے کچھ نہیں ہوتا تھا۔

یہ سب کچھ بدل رہا ہے —  جس کی ابتدا، اب، اسی وقت، یہاں سے ہو رہی ہے کیونکہ یہ لمحہ آپ کا لمحہ ہے۔ اس کا تعلق آپ سے ہے۔  یہ لمحہ ان سب لوگوں کا ہے جو آج یہاں جمع ہیں اور ان سب کا ہے جو امریکہ کے طول و عرض میں [یہ تقریب] دیکھ رہے ہیں۔

یہ آپ کا دن ہے۔ یہ آپ کا جشن ہے۔ اور یہ، ریاستہائے متحدہ امریکہ، آپ کا ملک ہے۔ جو چیز حقیقی معنوں میں اہم ہے وہ یہ نہیں ہے کہ کونسی پارٹی ہماری حکومت کو کنٹرول کرتی ہے بلکہ یہ ہے کہ کیا ہماری حکومت کو عوام کنٹرول کرتے ہیں۔ 20 جنوری 2017 ایک ایسے دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا جب عوام دوبارہ اس ملک کے حاکم بنے۔ ہمارے ملک کے فراموش کردہ مردوں اور عورتوں کو اب فراموش نہیں کیا جائے گا۔ آپ کی بات ہر کوئی غور سے سن رہا ہے۔ آپ اس تاریخی مہم کا جس کی نظیر دنیا نے پہلے کبھی نہیں دیکھی حصہ بننے کے لیے دسیوں لاکھوں کی تعداد میں آئے۔

اس تحریک کا مرکزی نقطہ یہ پختہ یقین ہے کہ کسی بھی قوم کا وجود اپنے شہریوں کی خدمت کرنے کے لیے ہوتا ہے۔ امریکی اپنے بچوں کے لیے عظیم سکول، اپنے خاندانوں کے لیے محفوظ بستیاں اور اپنے لیے اچھے روزگار چاہتے ہیں۔ یہ نیک لوگوں اور نیک عوام کے منصفانہ اور معقول مطالبات ہیں۔

لیکن ہمارے بہت سے شہریوں کو ایک مختلف حقیقت کا سامنا ہے: ہمارے شہروں کے اندرونی حصوں میں مائیں اور بچے غربت میں پھنسے ہوئے ہیں؛ ہمارے ملک کے پورے ارضی منظرنامے پر تباہ حال فیکٹریاں قبروں کی تختیوں کی طرح بکھری پڑی ہیں؛ ایک ایسا تعلیمی نظام، جس میں پیسہ تو کثرت سے لگایا گیا ہے مگر یہ ہمارے چھوٹے اور خوبصورت بچوں کو علم سے محروم کر رہا ہے؛ اور وہ جرائم اور گینگ اور منشیات جنہوں نے بہت سی جانیں لے لیں اور ہمارے ملک کو مستقبل کی بہت ساری صلاحیتوں سے محروم کر دیا۔ یہ امریکی قتل عام یہاں رکے گا اور اسی وقت رکے گا۔

ہم ایک قوم ہیں اور ان کا درد ہمارا درد ہے۔ ان کے خواب ہمارے خواب ہیں۔ اور ان کی کامیابی ہماری کامیابی ہے۔ ہمارا دل ایک ہے، ہمارا وطن اور ہمارا شاندار مقدر ایک ہے۔

جس عہدے کا آج میں حلف اٹھا رہا ہوں یہ تمام امریکیوں کے ساتھ وفاداری کا حلف ہے۔

کئی عشروں سے ہم امریکی صنعت کی قیمت پر غیرملکی صنعت کو مالامال کر رہے ہیں؛ دیگر ممالک کی افواج کی مالی اعانت کر رہے ہیں جب کہ اپنی فوج کے سازوسامان اور معیار میں انتہائی افسوسناک کمی واقع ہونے دے رہے ہیں۔ ہم نے دوسری اقوام کی سرحدوں کا دفاع کیا جب کہ اپنی سرحدوں کا دفاع کرنے سے انکاری رہے — اور بیرون ملک کھربوں ڈالر خرچ کر رہے ہیں جب کہ امریکہ کا بنیادی ڈھانچہ شکست و ریخت اور بوسیدگی کا شکار ہو چکا ہے۔

ہم نے دوسرے ممالک کو امیر بنا دیا ہے جب کہ ہمارے ملک کی دولت، طاقت اور اعتماد افق میں بکھر کر رہے گئے ہیں۔

لاکھوں کے حساب سے پیچھے رہ جانے والے امریکی کارکنوں کے بارے میں لمحہ بھر سوچے بغیر، یکے بعد دیگرے فیکٹریوں نے اپنے دروازے بند کیے اور ہمارے ملک سے نکل گئیں۔ ہمارے متوسط طبقے کی دولت ان کے گھروں سے چھین کر دنیا بھر میں بانٹ دی گئی۔ مگر یہ ماضی ہے۔ اور اب ہم صرف مستقبل کو دیکھ رہے ہیں۔ (تالیاں)

آج ہم، جو یہاں اکٹھے ہیں ایک ایسا نیا فیصلہ صادرکر رہے ہیں جسے ہر شہر، ہر غیرملکی دارالحکومت اور اقتدار کے ہر ایوان میں سنا جائے گا۔ آج کے بعد ہمارے ملک میں ایک نئے تصور کی حکمرانی ہوگی۔ آج کے بعد، پہلے صرف امریکہ ہوگا — امریکہ پہلے۔ تجارت، ٹیکسوں، امیگریشن، خارجہ معاملات کے بارے میں ہر فیصلہ امریکی محنت کشوں اور امریکی خاندانوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے کیا جائے گا۔ ہماری مصنوعات بنانے والے، ہماری کمپنیاں چرانے والے اور ہمارے روزگاروں کو تباہ کرنے والے دوسرے ممالک کی تباہیوں سے، اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا ہم پر لازم ہے۔

اپنے مفادات کے تحفظ کا نتیجہ عظیم خوشحالی اور طاقت کی صورت میں نکلے گا۔ میں آپ کے لیے آخری سانسوں تک لڑوں گا اور میں آپ کو مایوس نہیں کروں گا۔ امریکہ دوبارہ ایسے جیتنا شروع کرے گا جس کی پہلے کوئی نظیر نہیں ملتی۔

ہم اپنے روزگار واپس لائیں گے۔ ہم اپنی سرحدیں واپس لیں گے۔ ہم اپنی دولت واپس لائیں گے۔ اور ہم اپنے خواب واپس لائیں گے۔

ہم اپنے شاندار ملک کے طول و عرض میں نئی سڑکیں، اور شاہراہیں، اور پل، اور ایئرپورٹ، اور سرنگیں، اور ریلوے لائنیں تعمیر کریں گے۔

امریکی ہاتھوں اور امریکی محنت سے اپنے ملک کی تعمیر نو کرتے ہوئے، ہم اپنے لوگوں کو سرکار کی طرف سے دی جانے والی فلاحی امداد سے نکال کر روزگار پر لگائیں گے۔

ہم دو سادہ اصولوں پر عمل کریں گے: ہر چیز امریکہ کی خریدیں اور امریکہ کے لوگوں کو ملازم رکھیں۔

ہم دنیا کی اقوام کے ساتھ دوستی اور خیرسگالی کے متلاشی ہیں مگر ایسا ہم اس سوچ کے تحت کریں گے کہ تمام اقوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے اپنے مفادات کو مقدم رکھیں۔ ہم کسی پر اپنا طرزِ زندگی مسلط کرنے کی کوشش نہیں کرتے بلکہ اسے ایک مثال کے طور پر روشن ہونے دیتے ہیں  — اور ہم چمکیں گے  — ہر ایک کی پیروی کے لیے۔

ہم پرانے اتحادوں کو تقویت دیں گے اور نئے اتحاد تشکیل دیں گے، اورمہذب دنیا کو بنیاد پرست اسلامی دہشت گردی کے خلاف متحد کریں گے اور ہم [اس دہشت گردی کو] کرہِ ارض سے مکمل طور پر اکھاڑ پھینکیں گے۔

ریاستہائے متحدہ امریکہ سے مکمل وفاداری ہماری سیاست کی بنیاد ہوگی اور اپنے ملک سے اس وفاداری کے ذریعے ہم ایک دوسرے کے ساتھ  وفاداری دوبارہ پیدا کریں گے۔ جب آپ اپنے دل کو حب الوطنی کے لیے کھول دیتے ہیں تو پھر تعصب کے لیے کوئی جگہ نہیں رہتی۔

بائبل ہمیں بتاتی ہے، "یہ کتنا اچھا اور خوش کن ہوتا ہے جب خدا کے لوگ اتفاق سے اور اکٹھے رہتے ہیں۔" ہم پر لازم ہے کہ ہم اپنے دل کی بات کھل کر کریں، اپنے اختلافات پر ایمانداری سے بحث کریں، مگر راہ ہمیشہ یکجہتی کی اپنائیں۔ جب امریکہ متحد ہوتا ہے تو اسے بالکل نہیں روکا جا سکتا۔

کوئی خوف نہیں ہونا چاہیے۔ ہم محفوظ ہیں اور ہماری ہمیشہ حفاظت کی جائے گی۔ فوج اور قانون نافذ کرنے والے ہمارے عظیم مرد اور عورتیں، ہماری حفاظت کریں گے۔ اور سب سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ ہماری حفاظت، خدا کرے گا۔

آخر میں، ہماری سوچ عظیم ہونا چاہیے اور ہمارے خواب عظیم تر ہونے چاہیئیں۔ امریکہ میں، ہم اس بات کو سمجھتے ہیں کہ کوئی قوم صرف اس وقت تک زندہ رہتی ہے جب تک وہ جدوجہد کرتی رہتی ہے۔ ہم اب ایسے سیاستدانوں کو قبول نہیں کریں گے جو محض باتیں کرتے ہیں اور کام نہیں کرتے۔ ہمیشہ شکایتیں کرتے رہتے ہیں مگر [حالات] کے بارے میں کچھ نہیں کرتے۔

کھوکھلی باتوں کا وقت گزر چکا۔ اب عمل کی گھڑی آن پہنچی ہے۔  کسی کو یہ مت کہنے دیں کہ یہ کام نہیں کیا جا سکتا۔ کوئی بھی چیلنج امریکہ کے دل اور جدوجہد اور روح کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ ہم ناکام نہیں ہوں گے۔ ہمارا ملک دوبارہ پھلے پھولے گا اور خوشحال ہوگا۔

ہم ایک نئے ہزاریے کی دہلیز پر کھڑے ہیں اور خلاء کے اسراروں سے پردہ اٹھانے، بیماریوں کے مصائب سے زمین کو پاک کرنے اور مستقبل کی توانائیوں، صنعتوں اور ٹکنالوجیوں کو استعمال کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ایک نیا قومی تفاخر ہماری روحوں میں ہلچل پیدا کرے گا، ہماری نگاہوں کو بلند کرے گا، اور ہماری تقسیموں کو پاٹ دے گا۔

یہ وقت حکمت بھری اس پرانی حکایت کو یاد کرنے کا ہے جو ہمارے سپاہی کبھی نہیں بھولیں گے: یعنی خواہ ہم سیاہ ہوں، بھورے ہوں یا سفید ہوں مگر ہم سب کے جسموں سے محب وطنوں کا سرخ خون بہتا ہے۔ ہم سب ایک جیسی شاندار آزادیوں کا لطف اٹھاتے ہیں اور ہم سب ایک جیسے عظیم امریکی پرچم کو سلام کرتے ہیں۔ خواہ کوئی بچہ ڈیٹرائٹ کی شہری بستیوں میں پیدا ہو یا نیبراسکا کے ہوا زدہ میدانوں میں پیدا ہو، وہ سب رات کے وقت ایک جیسے آسمان کو دیکھتے ہیں، ان کے دلوں میں ایک جیسے خواب بستے ہیں اور ان کے جسم میں زندگی کی سانسیں ایک ہی قادرمطلق اور خالق نے بھری ہیں۔

لہذا ہر نزدیک اور دور، چھوٹے اور بڑے شہر میں، ایک پہاڑ سے دوسرے پہاڑ تک، ایک سمندر سے دوسرے سمندر تک، تمام امریکی یہ الفاظ سنیں: آپ کو دوبارہ نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔ آپ کی آواز، آپ کی امیدیں اور آپ کے خواب ہماری امریکی قسمت کا تعین کریں گے۔ اور اس راہ پر آپ کی جراًت اور نیکی اور محبت ہمیشہ ہماری راہنمائی کرتی رہے گی۔

اکٹھے مل کر ہم امریکہ کو دوبارہ مضبوط بنائیں گے۔ ہم امریکہ کو دوبارہ مالدار بنائیں گے۔ ہم امریکہ کو دوبارہ فخرمند بنائیں گے۔ ہم امریکہ کو دوبارہ محفوظ بنائیں گے۔ اور ہاں، اکٹھے مل کر، ہم امریکہ کو دوبارہ عظیم بنائیں گے۔

شکریہ۔ خدا آپ پر رحمتیں نازل فرمائے۔ اور خدا امریکہ پر رحمتیں نازل فرمائے۔ شکریہ۔ خدا امریکہ پر رحمتیں نازل فرمائے۔