|
لوگوں کوانسانی بھلائی کے کاموں کی جانب راغب کرنے کی ضرورت ہے
|
مدیحہ انور
واشنگٹن ڈی سی
May 5, 2009
|
|
امریکہ کو بجا طور پر مختلف النسل لوگوں کا ملک کہا جاتا ہے۔ جہاں مختلف تقافتی اور مذہبی پس منظر کے حامل لوگوں کو ایک دوسرے کے ساتھ مل کر اپنے مسائل سلجھانے کے ساتھ انسانیت کے ایک نئے معنی تلاش کرنے کا موقعہ ملتا ہے ۔ انگریزی زبان کا لفظ philanthropy انسانیت سے محبت اور انکی خدمت کرنے والوں کے لئے مخصوص کیا گیا ہے ۔ انسانیت کی بھلائی کےایسے ماہرین کو واشنگٹن ڈی سی کے ایک تھنک ٹینک کونسل آن فارن ریلیشنز کے تحت دعوت ِ خیال دی گئی۔
ورلڈ افیئرز کونسل آف نادرن کیلی فورنیا کی صدر جین ویلز کا کہنا تھا کہ لوگوں کی مدد کرنے سے ہم نہ صرف انکے مسائل کا حل نکالتے ہیں بلکہ اپنی زندگیوں کو بھی بہتر بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ philanthropy ایک مقصد کا نام ہے۔ جس کی جڑیں لوگوں میں ہیں۔ ان لوگوں میں جو مدد کے مستحق ہیں اور جنہیں روزمرہ زندگی بسر کرنے کے لیے وسائل میسرنہیں۔
اس کا مقصد ان لوگوں کی مدد ہے جن کے وسائل کم جبکہ مسائل زیادہ ہیں۔ اس کا بنیادی فلسفہ لوگوں کو اچھا طریق ِ زندگی میسر کرنے میں انکی مدد کرنا ہے۔
گلوبل فیلین تھروپی گروپ کی ٹریور نیلسن کا کہنا تھا کہ انسانی بھلائی کے کاموں کے ذریعے ہم صرف لوگوں کی مدد ہی نہیں کر سکتے بلکہ اس سے ہم خارجہ پالیسی میں تبدیلی کو بھی ممکن بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم انسانی بھلائی کو اچھے طریقے سے استعمال کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم اپنی خارجہ پالیسی کو اس سے منسلک کرکے دیگر ممالک کے ساتھ اپنے رابطے زیادہ بہتر اور موثر بنا سکیں۔
امریکہ میں اس حوالے سے بہت کام کیا جاتا ہے جس کی مثالوں میں بل گیٹس کی جانب سے فاؤنڈیشن کا قیام، مختلف مخیر حضرات اور کمپنیز کی جانب سے مختلف حوالوں سے پیسے کی فراہمی ہے۔
جین ویلزکا کہنا تھا کہ انسانی بھلائی کے فلسفےکے حوالے سے عام آدمی میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہر انسان میں دوسرے کی مدد کرنے کا احساس جاگے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکہ میں ہمارے سامنے ایسی بہت سی مثالیں ہیں جب مختلف مخیر لوگوں اور اداروں نے اس ضمن میں کام کرکے عام آدمی کی فلاح کے لیے کام کیا۔ ویرین بفیٹ کی جانب سے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کو 37ارب ڈالر،میٹرو پولیٹن میوزیم آف آرٹ کے لیے ریڈرز ڈائجسٹ کی جانب سے چار ارب چوبیس کروڑ ڈالرکی مثالیں ہمارے سامنے ہیں۔
مختلف شعبہ ِ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس محفل میں شرکت کی۔ انہوں نے انسانی بھلائی سے متعلق پینل سے اپنے سوالات کیے۔ شرکائے محفل کا کہنا تھا انسانی بھلائی کے کاموں کوعام کرنے کے لیے شعور اجاگر کرنے کے ضمن میں اس قسم کے محافل کا انعقاد ضروری ہے۔
|
|
|