|
(فائل فوٹو) |
منگل کی صبح پشاور کے نواحی علاقے سر بند میں ایک سیکورٹی چیک پوسٹ کے قریب خود کش کار بم دھماکے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں جن میں سیکورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور نے بارود سے بھری ایک کار چیک پوسٹ کے قریب سے گزرنے والی ایف سی کی ایک گاڑی سے ٹکرا دی ۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ وہاں موجود بسوں اور اردگرد کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکے کی شدت سے پولیس اورفرنٹیئر کانسٹیبلری کی مشترکہ مگرعارضی چیک پوسٹ مکمل طور پرمنہدم ہوگئی اوردھماکے والی جگہ پر کئی فٹ گہرا گڑھا بن گیا۔اس حملے کا نشانہ بننے والوں میں بچے بھی شامل ہیں جو خیبر ایجنسی کے علاقے باڑہ سے بسوں اور گاڑیوں میں پشاور میں اپنے سکولوں کوجا رہے تھے جب کہ خودکش بمبار کی گاڑی بھی باڑہ ہی کی طرف سے آئی تھی۔
زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے اسی بناء پر ڈاکٹروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔