|
عدنان سمیع خان کی ازدواجی زندگی میں ایک اور بھونچال
|
ہما ہارون
ممبئی
May 5, 2009
|
|
| Adnan Sami Khan | پاکستانی گلوکار عدنان سمیع کے لیے 2009ء شاید بربادی کا پیغام لے کر آیا ہے۔ پچھلے چار ماہ سے ممبئی شہر میں مقیم اِس ہر دل عزیز گلوکار کی ازدواجی زندگی میں آیا طوفان تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا۔ تازہ اطلاعات کے مطابق عدنان کی دوسری بیوی صبا نے ممبئی کے اوشیوارہ پولیس اسٹیشن میں اپنے وکیل کی موجودگی میں ایک بار پھر عدنان کے خلاف شکایت درج کروائی ہے۔
منگل کے روز صبا نے ایک با پھر عدنان کے خلاف ایف آئی آر درج کرتے ہوئے ممبئی پولیس سے شکا یت کی ہے کہ عدنان اس سےدھوکا دہی کرنے کے ساتھ اسے ذہنی اور جسمانی اذیت دے کر جبرا ًپیسہ بھی وصولتے ہیں۔
ممبئی پولیس نے 72 گھنٹے کا وقت دیتے ہوئے عدنان کی ممکنہ گرفتاری کا آرڈر تو جاری کیا ہے، تاہم ساتھ ہی عدالت کے مشورے پرعدنان کوپیشگی ضمانت کی عرضی داخل کرنے کے لیے وقت بھی دیا گیا ہے۔
ممبئی کے مضافاتی علاقے اوشیوارہ کے ڈپٹی پولیس کشنرخ نکیت کوشیک کے مطابق صبا کا کہنا ہے کہ عدنان انھیں ذہنی اور جسمانی طور پر اذیت دیتے ہیں۔
بھارتی فلم انڈسٹری کو لفٹ کرا دے، تیرا چہرہ جیسے کئی سپر ہٹ نغمے دے چکے پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار کو افسوس ہے کہ دو بڑے لوگوں کی طرح مل بیٹھ کر بھی اس مسئلے کو حل کیا جاسکتا تھا مگر ایسا نہیں ہو پایا۔
یہ پہلی بار نہیں کہ 35 سالہ عدنان کی اہلیہ صبا نے ان کے خلاف پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروانے کی کوشش کی ہے۔ اس سے قبل جنوری میں بھی صبا نے عدنان پر انہیں پیٹنے اور دوسری عورت کے ساتھ تفریح کرنے کا الزام لگاتے ہوئے پولیس سے مدد کی پکار کی تھی۔ اس وقت عدنان کو پولیس نے وارننگ دے کر چھوڑ دیا تھا۔
عدنان کی مانیں تو صبا کو کینسر جیسی موذی بیماری میں مبتلا ان کے بیمار والداور بیٹے اذان سے کافی پرابلم ہے۔ خیال رہے کہ صبا نے پچھلے دنوں یہ بیان دے کر فلم انڈسٹری میں تہلکہ مچا دیا تھا کہ پوجا بیدی کا عدنان کے ساتھ معاشقہ چل رہا ہے۔
تہان، ممبئی سالسا ، دھمال ، لکی ، خوشبو، شوریا اور 1920ءجیسی فلموں کے لیے بطور موسیقار کام کرنے والے عدنان کے لیے زندگی کایہ لمحہ سخت آزمائش بھرا ہے۔ ایک طرف ان کے والد کی طبیعت خراب ہوئی ہے تو دوسری طرف اُن کی ذاتی زندگی میں آئے بھونچال کے سبب عدنان کی دوسری شادی ٹوٹنے کے دہانے پر ہے۔
|
|
|