منگل کے روز شمالی بہار کے سیتا مڑھی قصبے میں ہونے والے ایک الم ناک بس حادثے میں تقریبا ً 30افراد اس وقت جھلس کر ہلاک ہو گئے جب ایک ہائی ٹینشن بجلی کی تار چلتی بس پر گِر پڑی۔ اس واقعے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب مسافروں سے بھری بس سیتامڑھی سے پوپری نامی قصبے جارہی تھی۔
بتایا جاتا ہے کہ بس مسافروں سے کھچا کھچ بھری ہوئی تھی، اور لوگ چھتوں پر بھی سوار تھے۔ اسی دوران اچانک 11 ہزار کلوواٹ کی بجلی کی تار بس پر گر پڑی اور دیکھتے ہی دیکھتے بس شعلوں کی لپیٹ میں آ گئی۔ ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی تعداد اِس بھی زیادہ ہوسکتی ہے، کیونکہ بُری طرح جھلسنے کے باعث شناخت ایک مسئلہ ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ ریاست کے وزیرِ اعلیٰ نے اعلیٰ تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور ذمے داروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔