اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر کی بیٹی فرح ڈوگر کو
اضافی نمبر دیئے جانے کے خلاف دائر درخواست کو خارج کردیا ہے۔ جمعے کو
ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد اسلم نے فیصلہ میں کہا کہ رٹ پٹیشن میرٹ
پر دائر نہیں کی گئی تھی۔
عدالتی فیصلے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق
اٹارنی جنرل اور فرح ڈوگر کے وکیل راجہ عبدالرحمن نے میڈیا کو بتایا کہ
عدالت نے اُن کے موکلہ کو ملنے والے اضافی نمبروں کو درست قراردیتے ہوئے
کہا کہ چیئرمین بورڈ کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ پرچوں کو دوبارہ جانچ کے
لیے ممتحن کو بھجوا سکتا ہے۔
دوسری جانب فرح ڈوگر کو دیئے جانے والے اضافی
نمبر کے خلاف درخواست گزاراعظم سلطان پوری نے اس فیصلے کو انصاف کا
’قتل‘قرار دیا ہے اور کہا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریں گے۔