Urdu ▪ وائس آف امریکہ غیر جانبدار خبریں | دلچسپ معلومات

VOANews.com

15 جنوری 2009 

آج وی او اے پر:

45 زبانوں میں خبریں
واشنگٹن میں حلف برداری کی تقریب کی تیاریاں زوروں پر

January 14, 2009

 بیس جنوری کو امریکہ کی تاریخ میں اُس وقت ایک نیا باب رقم ہوگا جب منتخب صدر براک اوباما پہلے افریقی امریکی صدر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اُٹھائیں گے۔

44ویں صدر کی حلف برداری کی یہ تقریب امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں منعقد ہوگی۔ امکان ہے کہ اس تقریب کے دوران امریکہ بھر سےتقریباً 40 لاکھ افراد واشنگٹن ڈی سی  کے نیشنل مال میں جمع ہوں گے۔مگر صرف وہی لوگ اِس تقریب میں شرکت کر سکتے ہیں جِن کے پاس ٹکٹ ہو۔ لیکن ٹکٹ اتنی آسانی سے ہر ایک کو دستیاب نہیں اور تقریباً دو ماہ قبل ہی تمام ٹکٹ ختم ہو چکے ہیں۔

اِس دِن کی اہمیت اور سیکیورٹی کے پیشِ نظر واشنگٹن ڈی سی میں تقریباً آٹھ ہزار سیکیورٹی اہل کار تعینات کیے جائیں گے۔ اِس کے علاوہ واشنگٹن کی طرف آنے والی تمام شاہراہیں بسوں اور کاروں کے لیے بند کر دی جائیں گی۔ اِس لیے لوگ واشنگٹن ڈی سی تک پہنچنے کے لیے پیدل یا مخصوص ٹرینیوں کے ذریعے  ہی سفر کر سکیں گے ۔

حلف برداری کی اِس تقریب کے لیے تقریباً تین ماہ قبل ہی واشنگٹن ڈی سی کے تمام ہوٹل بُک ہوچکے ہیں۔ یہاں تک کہ لوگوں نے اپنے گھروں میں کمرے کرائے پہ دے دیے ہیں جِس کی اچھی خاصی قیمت وصول کی گئی ہے۔ مگر لاکھوں افراد رقم کی پروا کیے بغیر اس تاریخی دِن کا حصہ بننے کے لیے بے تاب ہیں۔

حلف برداری کی یہ تقریب جہاں امریکی سیاست کا ایک اہم جزو سمجھا جاتا ہے وہاں یہ دن امریکی عوام کے لیے تعطیلات کا بھی اہم موقع ہوتا ہے۔بیس جنوری کے دن کے لیے واشنگٹن میں جوش و خروش سے تیاریاں جا ری ہیں۔ ہر دکان پہ آپ کو اوباما کی ٹی شرٹ، مَگ، پلیٹیں اور ٹوپیاں دکھائی دیں گی، جنھیں لوگ خرید کر نہ صرف منتخب صدر کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں بلکہ اس سےسیاحوں کو اس تاریخی موقعے کی خاص نشانی یا سووینر حاصل کرنے کا بھی موقع مل جائے گا۔

توقع کی جا رہی ہے کہ بیس جنوری کا دن نہ صرف امریکی تاریخ میں سنگِ میل کی حیثیت سے یاد رکھا جائے گا، بلکہ اسی دن واشنگٹن میں لاکھوں افراد کے اجتماع سے ہوٹلوں، ہوائی کمپنیوں اور دوسری سیاحتی مصنوعات کی فروخت سے امریکہ کی زوال پذیر معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔


E-mail This Article اس صفحے کو ای میل کیجیے
Print This Article قابل چھپائی صفحہ
  اہم ترین خبر

  مزید خبریں