امریکی حکومت نے امریکی سفارتخانہ کے شعبہ نارکوٹکس افیئرز کی وساطت سے بدھ کے روز صوبہ سرحد پولیس کو 41لاکھ ڈالر مالیت پر مشتمل سیکیورٹی کے آلات فراہم کیے۔ امریکی قونصل خانہ پشاور کی پرنسپل آفیسر لِن ٹریسی نے یہ آلات جن میں فوجی گاڑیاں، موٹر سائیکلیں، آہنی ہیلمٹ اور بلٹ پروف جیکٹس شامل ہیں فرنٹیئر ہاؤس میں صوبہ سرحد کے وزیراعلیٰ امیر حیدر ہوتی کے حوالے کیے۔
سرحد پولیس کو مزید آلات جس میں پانی کے ٹینکرز، گاڑی کھینچنے والا ٹرک اور موبائل ورکشاپ شامل ہیں آئندہ چار ماہ کے دوران فراہم کر دیے جائیں گے۔
ان آلات کی فراہمی امریکی حکومت کے پاکستانی حکومت کے ساتھ جاری سرحدوں کی سلامتی کے منصوبہ کا حصہ ہے۔ حکومت پاکستان ان آلات کو انسداد منشیات اور انسداد دہشت گردی کے لیے استعمال کرے گی۔ اس تقریب میں صوبہ سرحد کے انسپکٹر جنرل پولیس ملک نوید، اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ کے شعبہ نارکوٹکس افیئرز کے سینئر ایڈوائزر بوب ٹریسٹر اور قائم مقام ڈائریکٹر مائیکل ٹرلسن بھی شامل تھے۔