|
کشمیر میں جاری شورش پر بننے والی بالی وڈ کی فلم ‘لمحہ’ نئے تنازع کا شکار
|
یوسف جمیل
سری نگر
January 14, 2009
|
|
کشمیر میں دائیں بازو کی علاحدگی پسند جماعت دخترانِ ملت کی سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی نے بالی وڈ کے فلم ساز راہل ڈھولکیا کو قانونی نوٹس بھجوایا ہے جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ تین دن کے اندر اندر اپنی زیرِ تکمیل فلم ’لمحہ‘ کا سکرپٹ تجزیے کے لیے ان کے حوالے کر دیں اور اس کے ساتھ ہی وادیِ کشمیر میں فلم کی بیرونی عکس بندی ملتوی کر دیں۔
اس سے پہلے اخبارات میں خبر آئی تھی کہ اس فلم میں مشہور اداکارہ بپاشا باسو آسیہ اندرابی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
آسیہ اندرابی نے کہا ہے کہ اگر یہ بات صحیح نکلی تو وہ فلم کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ اسلامی اصولوں اور ضوابط کے تحت تنظیم ہرگز یہ برداشت نہیں کرے گی کہ اُس کے کسی رکن کا کوئی غیر حقیقی یا افسانوی کردار کسی بھی فلم میں پیش کیا جائے۔
یہی نہیں بلکہ اسی فلم میں اداکار انوپم کھیر کشمیر رہنما سید علی شاہ گیلانی کا کردار نبھا رہے ہیں، اور انھوں نے بھی اس بات پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
تاہم پروڈیوسر راہول نے اِس کی تردید کی ہے کہ حزب اللہ کے سابق کمانڈر شاہد الاسلام کے علاوہ فلم میں کسی اور کشمیری لیڈر کا کردار موجود ہے۔
فلم کشمیر میں گذشتہ بیس برس سے جاری مسلح تحریک اور اِس سے پیدا شدہ صورتِ حال کی عکاسی پر مبنی ہوگی، اور بتایا جاتا ہے کہ اِس کے کردار و ہ ہی لوگ ہیں جِنھوں نے یہ تحریک شروع کی یا وہ لوگ جو اِس سے بالواسطہ یا بلاواسطہ متاثر ہوئے۔
فلم کے مرکزی کردار بالی وڈ کے اہم اداکار انوپم کھیر ، سنجے دَت، بِپاشا باسو اور کُنال کپور ہیں۔
چند ماہ پہلے جب سری نگر اور اننت ناگ میں اِس فلم کی آؤٹ ڈور شوٹنگ ہورہی تھی تو لوگوں نے یہ خدشہ ظاہر کیا تھا کہ فلم میں کشمیریوں کو غلط رنگ میں پیش کیا جارہا ہے۔ چنانچہ بعض مقامات پر لوگوں نے فلم یونٹ کو شوٹنگ روکنے پر مجبور کر دیا تھا۔
ایسے میں فلم کی ہیروئن بپاشا باسو اپنا کام ادھورا چھوڑ کر اور فلم یونٹ کو آگاہ کیے بغیر سری نگر سے واپس ممبئی چلی گئیں جہاں اُنھوں نے یہ حیرت انگیز انکشاف کیا کہ اننت ناگ میں آؤٹ ڈور شوٹنگ کے دوران فلم یونٹ کی حفاظت پر مامور ایک مقامی پولیس اہل کار نے اُن کے ساتھ شادی کرنے کی پیش کش کی تھی۔
اِس واقعے کے تصدیق نہیں ہوپائی۔ لیکن بپاشا کے چلے جانے کے بعد فلم کی شوٹنگ کا کام متاثر ہوا اور اِس کے کچھ حصے ہماچل پردیش کے مَنالی علاقے میں فلمائے گئے۔
بتایا جاتا ہے کہ اب فلم یونٹ واپس سری نگر آگیا ہے اور گذشتہ دِنوں سری نگر اور وادی کے دوسرے حصوں میں سنجے دت اور بپاشا کے ساتھ لمحہ کے کئی سین فلمائے گئے۔
|
|
|