امریکہ کے نائب وزیرِ خارجہ رچرڈ باؤچر نے دہشت گردی کے
خطرے کے خاتمے کے سلسلے میں امریکی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اِس سلسلے
میں پاکستان نے اب تک جو اقدامات کیے ہیں وہ کافی نہیں ہیں۔
جمعرات کے روز اسلام آباد سے دہلیپہنچنے پر اُنھوں نے بھارتی سیکریٹری خارجہ شِو شنکر مینن سے تبادلہ ٴخیال کیااور اِس بات پر زور دیا کہ ممبئی حملوں کے ذمے
داروں، دہشت گردوں اور اُن کی تنظیموں کے خلاف کارروائی ضروری ہے۔
دہلی آنے سے قبل اُنھوں نے اسلام آباد میں حکام سے اِس
سلسلے میں تبادلہٴ خیال کیا تھا۔
رچرڈ باؤچر نے شِو شنکر مینن سے ملاقات کے بعد کہا کہ ممبئی
حملے بھارتیوں، امریکیوں اور دوسروں کے خلاف خوفناک واقعہ تھا۔
اُنھوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور بھارت نے اِس کا پتا
لگانے کا عزم کر رکھا ہے کہ کن لوگوں نے یہ حملے کیے، کیسے کیے اور اِس بات کو
کیسے یقینی بنایا جائے کہ ایسے حملے دوبارہ نہ ہوں۔
رچرڈ باؤچر نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان میں کچھ لوگوں
کوحراست میں لیا گیا ہے، اُن کے دفاتر پر چھاپے مارے گئے ہیں اور پاکستانی حکومت
جماعت الدعوہ کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ شِو شنکر مینن نے باؤچر سے کہا کہ پاکستان
منفی رویے سے باہر آئے اور بھارت نے اُسے جو شواہد کی جو دستاویزات پیش کی ہیں اُن
کے مطابق کارروائی کرے۔