|
اے آر رحمٰن کی 43 ویں سال گرہ
|
ہما ہارون
ممبئی
January 8, 2009
|
|
| اے آر رحمٰن
| مشہور موسیقار اے آر رحمٰن بھارتی فلم انڈسٹری کی ایسی ہستی ہیں جو کسی تعارف کی محتاج نہیں ۔ چھ جنوری منگل کے روز برصغیر کے مقبول ترین موسیقار 43 سال کے ہوگئے ۔ عاشورے کی وجہ سے بھلے ہی ذاتی طور پر رحمٰن نے اپنی سالگرہ کاجشن نہیں منایا، پر عالمی سطح پر رحمٰن کے کام کی ستائش کرتے لوگ نہیں تھک رہے ۔
جہاں ایک طرف پوری دنیا میں فلم سلم ڈاگ ملینئیر میں بہترین موسیقی کے لیے سنیمابین رحمٰن کی عزت افزائی کر رہے ہیں، وہیں رحمٰن نے منگل کے روز چینئی شہر میں اپنے میوزک البم کنیکشن کے گانے جیا سے جیا کا اجرا کیا۔
منگل کے روز ہی ممبئی میں فلم ’سلم ڈاگ ملینئیر‘ کی موسیقی کے البم کے اجرا کی تقریب میں بھی رحمٰن نے جنوبی بھارت کے چینئی شہر سے وڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے حصہ لیا ۔ واضح رہے کہ برطانوی ہدایت کار ڈینی بوائل کی فلم سلم ڈاگ ملینئر میں بیک گراؤنڈ موسیقی کے لیے رحمٰن کو گولڈن گلوب ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ رحمٰن نے صحافیوں سے اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ بھارت کے لوگوں کے لیے گولڈن گلوب ایوارڈ جیتنا چاہتے ہیں ۔
فلم ساز منی رتنم کی فلم روجا سے رحمٰن نے 1992ء میں فلم انڈسٹری میں موسیقی کا سنہرا اور کامیاب سفر شروع کیا ۔ بھارتی فلمی تاریخ میں اپنی پہلی ہی فلم کے لیے نیشنل فلم ایوارڈ جیتنے والے رحمٰن واحد فلم شخصیت ہیں۔
| سلم ڈاگ ملینیئر کا ایک منظر
| بالی وڈ کے لیے دل سے ، رنگیلا ، لگان ، رنگ دے بسنتی ، بامبے اور تال جیسی فلموں میں مسحورکن موسیقی تیار کرنے والے رحمٰن کے لیے 2008ء کامیابی بھرا رہا ۔ اس سال انھوں نے جودھا اکبر ، جانے تو یا جانے نا ، گجنی ، یوراج اور بین ا لاقوامی سطح پر ریلیز ہوئی فلم سلم ڈاگ ملینئیر فلموں میں سپر ہٹ موسیقی کی تخلیق کی۔
سلم ڈاگ ملینئیر سے قبل بھی رحمٰن کئی انٹرنیشنل پروجیکٹس پر کام کر چکے ہیں ۔ ان میں سےاینڈریو لائیر ویبر کا بمبے ڈریمز اور لارڈ آف رنگز قابل ذکر ہیں ۔ موجودہ سال میں رحمٰن دلی6 ، ایٹ بائے ٹین اور بلیو نامی فلموں کے لیے موسیقی تیار کریں گے۔
|
|
|